سی ڈی اے نے اسلام آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بس سروس کے کرایوں میں حالیہ اضافے کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر واپس لے لیا ہے۔ اس حوالے سے پرانے کرایوں کی بحالی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور میٹرو بس کے تمام روٹس پر اب دوبارہ 50 روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق این-5 سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک چلنے والی بس سروس کا کرایہ 90 روپے برقرار رہے گا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل میٹرو اور الیکٹرک بس سروس کا کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دیا گیا تھا، جس پر عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد یہ اضافہ واپس لے لیا گیا ہے تاکہ شہریوں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
شہریوں نے کرایوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے فیصلے کیے جائیں۔