امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور نایاب معدنیات کا تنازعہ حل کرنے کے لیے مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس کی تصدیق امریکا میں چینی سفارتخانہ کی جانب سے بھی کی گئی۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر شی جن پنگ سے رابطہ ٹرمپ کی درخواست پر ہوا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں میں ٹیرف کے معاملے پر بات ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو مستقبل میں اپنے اپنے ممالک کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
امریکی صدر ڈونڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ٹروتھ ‘ میں جاری بیان میں لکھا کہ چین کے صدر سے فون پر بات چیت ہوئی ہے جس کے دوران تجارتی ڈیل کی پیچیدگیوں پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ شی جن پنگ سے بات چیت ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شی جن پنگ نے مجھے اور خاتون اول کو دورہ چین کی دعوت بھی دی ہے۔
چینی حکومت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کو چین پر عائد منفی اقدامات کو واپس لینا چاہیے اور ترقی کو حقیقت پسندانہ نقطہ نظر سے دیکھنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :’اڑان پاکستان‘ کے تحت 5 سالہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات جاری
بیان میں کہا گیا کہ شی جن پنگ نے ٹرمپ کے دوبارہ چین کے دورے کا خیرمقدم کیا جس پر ٹرمپ نے مخلصانہ شکریہ ادا کیا۔