اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کو میچ کے شیڈول کے مطابق سری لنکا جانا ہوگا۔ یہ میچ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں شیڈول ہے۔
اتوار کے روز پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔ ملاقات کے بعد حکومت پاکستان نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ پاکستان ورلڈکپ میں شریک ہوگا تاہم بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ بنگلادیش سے متعلق آئی سی سی کے جانبدارانہ فیصلے ہیں، جس پر حکومت پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر یہ مؤقف اختیار کیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہونا تھا، تاہم پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں یہ میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان کو اس میچ کے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا جبکہ یہ پوائنٹس بھارت کے کھاتے میں چلے جائیں گے۔
تاہم آئی سی سی قوانین کے مطابق بھارت کو یہ دو پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے تمام پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا۔ بھارتی ٹیم کو میچ کے دن مقررہ مقام پر وقت پر پہنچنا، پریکٹس کرنا، پریس کانفرنس میں شرکت کرنا اور میدان میں پاکستانی ٹیم کا انتظار کرنا لازمی ہوگا۔
Men’s T20 World Cup 2026 | India will travel to Sri Lanka on 15th February and follow ICC protocol. They will practice as per schedule, do a press conference and reach the stadium according to time and wait for the match referee to call off the match: BCCI Sources
— ANI (@ANI) February 1, 2026
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کی مکمل پابندی کرے گی اور 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس، پریس کانفرنس اور اسٹیڈیم میں حاضری دے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ، آئی سی سی کا ردعمل بھی سامنے آگیا
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی قوانین کے تحت اگر میچ کے روز پاکستان ٹیم میدان میں موجود نہ ہوئی تو بھارتی ٹیم میچ ریفری کی جانب سے باضابطہ طور پر میچ منسوخ کیے جانے کے فیصلے کا انتظار کرے گی، جس کے بعد ہی بھارت کو دو پوائنٹس دیے جا سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا شامل ہیں۔





