بھارتی حکومت آنے والی نسلوں کو پانی کے تنازعات پر جنگوں پر مجبور کر رہی ہے، بلاول بھٹو

واشنگٹن : مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت آنے والی نسلوں کو پانی کے تنازعات پر جنگوں پر مجبور کر رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے 24 کروڑ افراد کے پانی کے حقوق پر حملہ کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کا موقف تھا کہ مقبوضہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، مگر اب امریکی صدر نے اسے عالمی تنازعہ قرار دیا ہے، جس کے بعد بھارتی حکومت بھی کشمیر کو دوطرفہ مسئلہ تسلیم کر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے ہزاروں مسائل ہو سکتے ہیں لیکن مذاکرات سے انکار کے باعث یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا اگر بھارت بات چیت کے لیے تیار نہیں تو مسائل کیسے حل ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے کردار کی تردید کی اور کہا کہ پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدار عالمی انکوائری کی پیشکش کی، جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کا نیا جارحانہ نظریہ خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے،بلاول بھٹو

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو امریکی مداخلت کا وقت نہیں ہوگا۔ بلاول بھٹو نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کی حمایت کر رہا ہے۔

Scroll to Top