وفاق کو نہ عوامی مسائل کا ادراک، نہ صوبوں کا احترام،ظاہر شاہ طورو نے وفاقی بجٹ مسترد کر دیا

وفاق کو نہ عوامی مسائل کا ادراک، نہ صوبوں کا احترام،ظاہر شاہ طورو نے وفاقی بجٹ مسترد کر دیا

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اور معاشی حقائق سے لاعلمی کا عکاس قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں عوامی مسائل اور صوبائی خودمختاری کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا ہے۔

پشاور میں جاری اپنے بیان میں ظاہر شاہ طورو نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’وفاق کو نہ عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور نہ ہی صوبوں کے آئینی و مالیاتی حقوق کی پرواہ۔ یہ بجٹ این ایف سی ایوارڈ کے تحت دیے گئے صوبائی حقوق پر کھلا ڈاکا ہے۔‘‘

انہوں نے الزام لگایا کہ وفاقی حکومت نے دانستہ طور پر صوبوں کے مالی حصے میں کمی کی ہے، جو نہ صرف آئینی اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

کاربن ٹیکس کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے وزیر خوراک نے کہا کہ ’’تیل پر کاربن لیوی لگانے کا سیدھا اثر عام آدمی پر پڑے گا، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، اور عوام کی مشکلات دوچند ہو جائیں گی۔‘‘

ظاہر شاہ طورو نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے اور عوامی مفاد اور صوبائی خودمختاری کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں اصلاحات لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی عوام ایسے عوام دشمن بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

Scroll to Top