خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور اس کے گردونواح میں(آج) بدھ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ خوف کے مارے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کی گہرائی 211 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہِ ہندو کش کا افغان ریجن بتایا گیا ہے، جو زلزلوں کے لحاظ سے ایک حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے چند لمحے جاری رہے، تاہم تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔





