کے پی میں بارش کے بعد بجلی معطل، متعدد فیڈرز ٹرپ، مرمت جاری

شبقدر میں گرمی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج، مہمند باجوڑ شاہراہ بند

چارسدہ : تحصیل شبقدر میں شدید گرمی اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو بلبلا کر رکھ دیا۔

پینے کے پانی کی قلت اور بدترین بجلی بندش کے خلاف حلیم زئی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مہمند باجوڑ شاہراہ بند کر دی۔

مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلا کر رکاوٹیں کھڑی کیں، جس کے باعث ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی۔ سڑکوں کی بندش کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مظاہرین نے حلقے کے ایم پی اے اور ایم این اے کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے ان پر غفلت، لاپروائی اور عوامی مسائل سے چشم پوشی کا الزام عائد کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی بندش عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔

مظاہرین نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث بچے، بوڑھے، خواتین اور مریض سب متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں لوگ پینے کے پانی جیسی بنیادی نعمت سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عید کے دوران شدید لوڈ شیڈنگ، حکومت کے دعوے جھوٹے ثابت ہو گئے، اسد قیصر

شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے نظام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ کاروبار بند، تعلیمی سرگرمیاں متاثر، اور گھریلو زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ گرمی اور لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام کا کہنا ہے کہ وہ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی کی بحالی اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Scroll to Top