ایران پر اسرائیلی حملے کی پرانی ویڈیو کو حالیہ واقعہ بنا کر پیش کرنے کی بھارتی کوشش عالمی سطح پر الٹی پڑ گئی، فیک نیوز نے نہ صرف بھارت کی عالمی ساکھ کو ٹھیس پہنچائی بلکہ اس کی صحافتی ساکھ پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھا دیے۔
بھارتی سرکاری نشریاتی ادارے دور درشن کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے سے متعلق جھوٹی اور پرانی ویڈیو نشر کرنے پر شدید عالمی تنقید سامنے آئی ہے۔
میڈیا ادارے نے اکتوبر 2024 کی ایک پرانی ویڈیو کو حالیہ واقعہ ظاہر کر کے نشر کیا جس میں نیوز کاسٹر نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حملے سے ایران کانپ اٹھا۔
یہ فیک نیوز دنیا کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش سمجھی جا رہی ہے جس کے ذریعے اسرائیلی بیانیے کو تقویت دی گئی اور ایران کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت کی دوغلی سفارتی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جہاں ایک طرف بھارت ایران سے قریبی تعلقات اور بھاری سرمایہ کاری کا دعویٰ کرتا ہے اور دوسری طرف ایسے حساس مواقع پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
بھارت کے معروف مفکر اور مبصر سندیپ منودھنے نے اس اقدام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہایہ بھارت کا قومی نشریاتی ادارہ ہے، جو عوام کے ٹیکس سے چلتا ہے اور ایسی غیر ذمہ دارانہ صحافت بھارت کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران بھارت کا دوست ہے اور اس وقت وہاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری جاری ہے۔ ایسے میں اس طرح کی جھوٹی رپورٹنگ نہ صرف صحافتی جرم ہے بلکہ سفارتی جرم بھی ہے۔
ایرانی عوام اور حکومت نے بھی بھارتی میڈیا کی اس گمراہ کن رپورٹنگ پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ دور درشن جیسے ادارےگودی میڈیا کا حصہ بن چکے ہیں جو حکومت وقت بالخصوص مودی سرکار کے بیانیے کو بڑھاوا دینے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے مسلسل مذاکرات سے انکار کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، بلاول بھٹو
صحافتی حلقوں اور بین الاقوامی مبصرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسی جھوٹی ویڈیوز نہ صرف میڈیا کی ساکھ کو تباہ کرتی ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو بھی ہوا دے سکتی ہیں۔