عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل خیبرپختونخوا کے وسائل پر وفاقی حکومت اور طاقتور حلقوں کے قبضے کی سازش ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
میاں افتخار حسین کا کہناہے کہ اے این پی کی تحریک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ویلج کونسلز کی سطح پر عوامی کانفرنسز، مظاہرے اور آگاہی مہم جاری ہے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ مرکزی صدر ایمل ولی خان کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں آل پارٹیز کانفرنسز اور ضلعی اجلاس منعقد کیے گئے جبکہ اب عوام کو مقامی سطح پر منظم کیا جا رہا ہے تاکہ صرف بل کی مخالفت نہ ہو بلکہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحفظ اور مکمل عمل درآمد کے لیے شعور بھی اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم صوبائی خودمختاری کی ضمانت ہے اور اے این پی ہر سطح پر اس کے تحفظ کے لیے جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنے وسائل کے اصل مالک ہیں، اور ان پر کسی غیر آئینی مداخلت کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی مخالفت بےکار، ورلڈ بینک نے ریکوڈک منصوبے کے لیے 700 ملین ڈالر قرض منظور کر لیے
میاں افتخار حسین نے تمام جمہوری قوتوں، سول سوسائٹی اور باشعور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تحریک کا حصہ بنیں اور صوبائی حقوق کے دفاع میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔