وزارت خارجہ نے ایران کے لیے پاکستانی شہریوں کے سفر سے متعلق نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی حالات کے پیش نظر شہری ایران کا سفر نہ کریں۔
اعلامیے کے مطابق تہران میں پاکستانی سفارتخانہ الرٹ ہے اور ایران میں مقیم پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر سفارتخانے یا وزارت خارجہ سے رابطہ کریں۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں مقیم پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔
دفتر خارجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت ایرانی سرزمین پر موجود پاکستانیوں کی مکمل حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی ایران سے تنازع بڑھا کر امریکا کو جنگ میں شامل کرنا چاہتا ہے، سعودی ولی عہد
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایران سے پاکستانیوں کی واپسی کے انتظامات تیز کر دیے گئے ہیں، اور متعلقہ ادارے صورت حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے متعلق فیصلوں میں محتاط رویہ اختیار کریں اور وزارت خارجہ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔