اسرائیل ایران کے خلاف کشیدگی بڑھا کر امریکا کو مداخلت پر اکسا رہا ہے، سعودی ولی عہد

اسرائیلی ایران سے تنازع بڑھا کر امریکا کو جنگ میں شامل کرنا چاہتا ہے، سعودی ولی عہد

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی کشیدہ صورت حال اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیلی حکومت دانستہ طور پر ایران سے تنازعہ بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکہ کو مشرق وسطیٰ کی جنگ میں ملوث کیا جا سکے۔

 انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران دانش مندی سے کام لے گا اور اسلامی دنیا کی یکجہتی کو نقصان نہیں پہنچنے دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری مسلم دنیا ایران کی حمایت میں متحد ہے اور سعودی عرب خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے گفتگو میں کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ایران نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کی کوششیں کی ہیں۔

 انہوں نے الزام لگایا کہ جب بھی امن قریب پہنچا، اسرائیل نے دانستہ طور پر صورتحال کو خراب کیا تاکہ خطے میں کشیدگی برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کی این پی ٹی سے علیحدگی کی دھمکی، جوہری مذاکرات منسوخ

صدر پیزشکیان نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران باہمی تعاون سے پورے خطے کو پرامن بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے سفارتی روابط کو مضبوط بنانے اور تنازعات کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top