گرمی کا زور ٹوٹنے کو،خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان

گرمی کا زور ٹوٹنے کو،خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جب کہ محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے میدانی اور جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ چکا ہے۔ پشاور، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ہنگو میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب چترال، دیر (بالائی و زیریں)، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کرک اور کوہاٹ سمیت کئی اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم اور وزیرستان (شمالی و جنوبی) میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز تیمرگرہ، دیر لوئر، کالام، دروش اور مینگورہ میں بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ مختلف شہروں میں درجہ حرارت کچھ یوں رہا:

پشاور 42، ڈی آئی خان 44، بنوں 42، کوہاٹ 41، چترال 30، دیر لوئر 39، دیر بالا 33، کالام 23 اور مالم جبہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی اور ممکنہ گرد آلود ہواؤں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top