شفاف طرز حکمرانی کی مثال، اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی 4.91 ارب روپے کی ریکوری

خیبرپختونخوا میں محکمہ اینٹی کرپشن نے مالی سال 2024-25 کے دوران مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 4 ارب 91 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کر لی ہے، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 176.8 فیصد زیادہ ہے۔

نجی ٹی وی چینل(دنیانیوز)کے مطابق، مالی سال 2023-24 میں محکمے نے 1 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ 2022-23 میں 2 ارب 3 کروڑ روپے کی ریکوری کی تھی۔ رواں مالی سال میں حاصل کی گئی بھاری رقم نہ صرف محکمہ اینٹی کرپشن کی مؤثر حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلکہ اس سے صوبے کے مالی وسائل میں خاطر خواہ بہتری بھی آئی ہے۔

محکمے کے ترجمان کے مطابق، اس کامیابی کے پیچھے فعال اقدامات، مضبوط نگرانی، اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کردہ اصلاحات اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ محکمہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہے۔

اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی وسائل کے تحفظ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر کوآرڈینیشن اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے شفاف طرز حکمرانی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top