امریکا میں اسکواش کورٹ پر پاکستانی بہنوں کا راج،سحرش اور ماہ نور کا شاندار کارنامہ

امریکا میں اسکواش کورٹ پر پاکستانی بہنوں کا راج،سحرش اور ماہ نور کا شاندار کارنامہ

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ہونہار اسکواش پلیئرز سحرش علی اور ماہ نور علی نے امریکہ میں منعقدہ یو ایس جونیئر گولڈ اسکواش ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا۔

گرلز انڈر-15 کیٹیگری کے فائنل میں دونوں بہنیں ایک دوسرے کے مدمقابل تھیں۔ سحرش علی نے سنسنی خیز اور اعلیٰ معیار کے مقابلے میں ماہ نور علی کو 3-2 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جبکہ ماہ نور علی نے رنر اپ رہ کر ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق بخوبی ادا کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ یو ایس جونیئر گولڈ اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں دونوں حریف پاکستانی بہنیں تھیں، جسے عالمی اسکواش حلقوں میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ملک بھر سے مبارکبادیں
پشاور سمیت ملک بھر میں سحرش اور ماہ نور کی کامیابی پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر کھیلوں کے شوقین افراد اور ماہرین نے اسے پاکستانی خواتین کی کھیلوں میں شمولیت اور عالمی سطح پر پذیرائی کی ایک اہم مثال قرار دیا ہے۔

اسکواش فیڈریشن اور دیگر کھیلوں کے اداروں نے دونوں بہنوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کامیابی آئندہ نسل کی کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ بنے گی۔

Scroll to Top