وفاقی بجٹ 2025-26 کی منظوری کے موقع پر سیاسی ماحول میں گرما گرمی بڑھ گئی ہے، ایسے میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں بجٹ ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اسد قیصر نے بجٹ سے متعلق پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی بجٹ بائیکاٹ کے حوالے سے سنجیدہ ہے، تو تحریک انصاف اس عمل میں ان کا ساتھ دینے کو تیار ہے۔
اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری آج پارلیمنٹ میں موجود ہوں گے، ان سے ملاقات کے بعد حتمی مؤقف طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی بجٹ میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ تحریک انصاف پہلے ہی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی حکمت عملی پر غور کر رہی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اپوزیشن جماعتیں بجٹ ووٹنگ کے موقع پر متحد ہو گئیں تو حکومت کو بجٹ کی منظوری میں غیر معمولی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔