جنرل عاصم منیر کا امریکا میں شاندار استقبال، اوورسیز پاکستانیوں کا والہانہ خیرمقدم

جنرل عاصم منیر کا امریکا میں شاندار استقبال، اوورسیز پاکستانیوں کا والہانہ خیرمقدم

فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر ان دنوں امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران، آرمی چیف نے واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ آرمی چیف کا اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، اور بڑی تعداد میں پاکستانی وہاں ان سے ملاقات کے لیے موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے ”آپریشن بنیان مرصوص ،معرکۂ حق“ کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی، ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی معیشت، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نیک نامی، ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں ان کی اعلیٰ کارکردگی کو قابل قدر قرار دیا۔

اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز بھی شیئر کیں۔ جنرل عاصم منیر نے ان کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

یہ ملاقات ایک نئے عزم اور وابستگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس میں آرمی چیف اور اوورسیز پاکستانیوں نے ایک محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top