26نومبر احتجاج کیس میں اسٹیٹ کونسل مقرر کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور

26نومبر احتجاج کیس میں اسٹیٹ کونسل مقرر کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں اسٹیٹ کونسل کی تقرری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپیل منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی چینل( ایکسپریس نیوز) کے مطابق، تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 976 میں پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی اپیل پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیاء نے فیصلہ سنایا۔ پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے وکلاء کی عدم حاضری پر ازخود اسٹیٹ کونسل مقرر کرنا غیرقانونی اقدام ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے پی ٹی آئی ملزمان کے وکلاء کی عدالت میں عدم پیشی پر سرکاری وکیل (اسٹیٹ کونسل) مقرر کیا تھا، جس پر جماعت نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا۔

دوسری جانب، انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ احمد جنجوعہ کے خلاف مبینہ بارودی مواد برآمدگی کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے چالان کی نقول ملزمان میں تقسیم کر دیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے سماعت 28 جولائی تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا تھا۔

Scroll to Top