پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی جائے تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دینا بخوبی جانتے ہیں
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ غیر ملکی دورے انتہائی مؤثر اور کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ نہایت ٹھوس اور مدلل انداز میں پیش کیا، کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، اور بھارت کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے عزائم کو بے نقاب کیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کی جانب سے سیز فائر کی تردید اور بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات نے واضح کر دیا کہ بھارت خطے میں کشیدگی کا خواہاں ہے۔
شیری رحمان نے دعویٰ کیا کہ بھارتی وفد کے پاس کوئی بامعنی پیغام نہیں تھا جسے چیئرمین بلاول نے مسترد کر دیا۔ ان کے مطابق مودی سرکار خطے کو دلدل میں دھکیلنا چاہتی ہے جبکہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا داعی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے دورۂ امریکا اور ان کی ملاقاتیں پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم سنگ میل ہیں اور اب ہماری سفارتی مشینری کو اس تسلسل کو برقرار رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ریٹائرڈ پولیس اہلکار جاں بحق
شیری رحمان نے مزید کہا کہ او آئی سی اجلاس میں پاکستان اسرائیلی مظالم کے خلاف مؤثر انداز میں آواز بلند کرے گا، جبکہ ایران کے حوالے سے بھی پاکستان کا مؤقف دوٹوک اور واضح ہے۔