پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی قوم سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، اور اسرائیل کی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایرانی وفد اس وقت جنیوا میں موجود ہے، جہاں وہ عالمی فورمز پر اپنی پوزیشن واضح کر رہا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جلد خطے میں امن بحال ہو گا اور کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور مسلم دنیا کو موجودہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یکجہتی کی پہل کرے تو قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔





