دیر بالا اور کوہستان میں بارش ، کئی مقامات پر سڑکیں اور رابطہ پل بہہ گئے ، بجلی کا نظام درہم برہم

دیر بالا اور کوہستان میں بارش ، کئی مقامات پر سڑکیں اور رابطہ پل بہہ گئے ، بجلی کا نظام درہم برہم

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع دیر بالا اور کوہستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق متعدد علاقوں میں ندی نالوں اور دریائے کوہستان میں طغیانی کے باعث رابطہ پل، سڑکیں، مکانات اور کھیت سیلاب کی نذر ہو گئے، جبکہ ایک کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا۔ کوہستان کے مشہور سیاحتی مقامات جہاز بانڈہ، لاموتی، باڈگوائی اور وادی کمراٹ شدید بارش کی لپیٹ میں آ گئے، جہاں سیلابی ریلوں نے انفرا اسٹرکچر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ تین اہم رابطہ پل بہہ گئے ہیں جس سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق کمراٹ روڈ متعدد مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث درجنوں سیاح پھنس گئے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سیلابی ریلہ دیر بالا کے پاتراک بازار میں بھی داخل ہو گیا، جہاں گھروں اور دکانوں میں پانی بھر گیا اور مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

علاقے میں متعدد بجلی گھر دریاؤں میں بہہ گئے ہیں، جس کے بعد بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق فصلیں اور میوہ جات کے باغات بھی شدید متاثر ہوئے ہیں، جو نہ صرف مقامی معیشت بلکہ آئندہ مہینوں میں غذائی قلت کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔

ریسکیو اور مقامی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں تک رسائی محدود ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

عوام نے حکومت سے فوری امدادی کارروائیوں، انفرا اسٹرکچر کی بحالی اور متاثرین کی مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top