ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جس کی ایک بڑی وجہ آبادی میں اضافہ ہے۔
ہفتے کے روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا کہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافے، وسائل کی کمی اور پالیسیوں کے فقدان کے باعث ہیلتھ کیئر سسٹم اس قابل نہیں رہا کہ عوام کی ضروریات پوری کر سکے، اگر فوری اصلاحات نہ کی گئیں تو پورا نظام بیٹھ جائے گا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ آبادی کی شرح افزائش 3.6 فیصد تک جا پہنچی ہے جبکہ اسپتالوں کی گنجائش انتہائی محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال اسلام آباد میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کو صرف 35 مریضوں کی گنجائش رکھنے والے ڈاکٹرز دیکھنے پر مجبور ہیں، جس سے سسٹم پر شدید دباؤ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صاف پانی کی عدم دستیابی اور ناقص سیوریج نظام کی وجہ سے پاکستان ہیپاٹائٹس میں دنیا میں پہلے، شوگر میں دوسرے اور پولیو میں تیسرے نمبر پر ہے، ہم آج بھی پولیو سے لڑ رہے ہیں جبکہ دنیا سے یہ بیماری ختم ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف سے جو قرض لیتے ہیں اس کی زیادہ رقم ادویات پر خرچ ہو رہی ہے، اگر ہم بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ دیں تو نہ صرف انسانوں کو تندرست رکھ سکتے ہیں بلکہ معیشت کو بھی سنبھال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم ایسے اداروں اور افراد کے ساتھ کام کریں گے جو واقعی صحت کے شعبے میں کام کر رہے ہیں، کیونکہ جنہوں نے نظام خراب کیا وہ اسے درست نہیں کر سکتے۔
مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا کہ حکومت پرائمری ہیلتھ سسٹم میں ٹیلی میڈیسن متعارف کروا رہی ہے تاکہ دوا اور ڈاکٹر مریض کی دہلیز تک پہنچایا جا سکے، یہ کوئی پانچ سالہ منصوبہ نہیں بلکہ اس پر فوری عملدرآمد ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا پولیس کا مولانا حامد الحق پرحملے میں ملوث گروپ کی نشاندہی کا دعوی
انہوں نے کہا کہ نادرا کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے جس کے تحت ہر پاکستانی کے شناختی کارڈ نمبر کو قومی میڈیکل ریکارڈ نمبر بنایا جا رہا ہے، اس سے ایک سینٹرلائزڈ ڈیٹا بیس قائم ہوگا جس میں ہر مریض کا مکمل طبی ریکارڈ محفوظ ہوگا۔