مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت میں جلد نئے وزراء شامل کیے جا رہے ہیں، جب کہ بجٹ میں شامل اہم تجاویز بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے دوران پیش کی گئی تھیں، جنہیں بجٹ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ان پر مکمل اعتماد ہے، اسی لیے ان کی جانب سے ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری ایک آئینی تقاضا تھا، جسے خیبرپختونخوا اسمبلی سے کامیابی سے منظور کرایا گیا۔
بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ بجٹ میں شامل متعدد اہم نکات وہ خود لے کر آئے تھے، جو بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد پیش کیے گئے۔ ان کے مطابق، ان تجاویز کو بجٹ دستاویز کا باقاعدہ حصہ بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، ’’ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ کو 10 کھرب روپے کے اخراجات کا حساب دینا ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شفافیت اور ذمہ داری کے اصولوں پر عمل پیرا ہے، جب کہ دیگر صوبوں میں عوامی فنڈز کے استعمال پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کابینہ میں نئی شمولیت سے حکومتی امور کو مزید تقویت ملے گی اور عوامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے گا۔





