ڈسپریٹی الاؤنس کی یقین دہانی، سرکاری ملازمین کا دھرنا ختم، خیبر روڈ 6 گھنٹے بعد کھول دی گئی

ڈسپریٹی الاؤنس کی یقین دہانی، سرکاری ملازمین کا دھرنا ختم، خیبر روڈ 6 گھنٹے بعد کھول دی گئی

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ڈسپریٹی الاؤنس دینے کی یقین دہانی کے بعد صوبائی سرکاری ملازمین نے خیبر پختونخوا اسمبلی چوک میں دیا گیا احتجاجی دھرنا ختم کر دیا۔ دھرنا چھ گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران خیبر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

سرکاری ملازمین نے ڈسپریٹی الاؤنس سمیت دیگر مطالبات کے حق میں پشاور کے حساس ترین علاقے ریڈ زون میں احتجاج کیا، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین سے مذاکرات کے لیے صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال کی قیادت میں ایک سرکاری وفد روانہ کیا گیا، جس نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی وفاقی حکومت ڈسپریٹی الاؤنس سے متعلق باضابطہ اعلامیہ جاری کرے گی، خیبر پختونخوا حکومت بھی اسی طرز پر اعلان کرے گی۔

تاہم مظاہرین نے تحریری معاہدے پر زور دیتے ہوئے دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کیا، جس پر صورت حال کشیدہ ہونے لگی۔ پولیس نے خبردار کیا کہ اگر روڈ کو نہ کھولا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔ اس تنبیہ کے بعد ملازمین پرامن طور پر منتشر ہو گئے اور بند سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔

Scroll to Top