گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات میں پیش آنے والے سانحے کو صوبائی حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت اور ضلعی انتظامیہ سنجیدگی دکھاتی تو آدھے گھنٹے کے اندر ہیلی کاپٹر امدادی کارروائی کے لیے پہنچ سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سوات سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات عوام کے جان و مال کے تحفظ کی بجائے صرف لوٹ مار پر مرکوز ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کے بارہ سالہ اقتدار کو خیبرپختونخوا کے انتظامی ڈھانچے کو مفلوج کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نااہل حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل چکے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد کے وفد کی ملاقات ہوئی، جنرل سیکرٹری عادل خان، سینئر نائب صدر نوید الرحمان، جوائنٹ سیکرٹری شیراز احمد شیرازی، سینئر صحافی اشتیاق عباسی، سید نوید جمال، قیصر تنولی، سیکرٹری اطلاعات ارشد تنولی، شکیل پسوال اور دیگر شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر این ڈی ایم اے کو متحرک کرتے تو سانحہ سوات ٹل سکتا تھا، ظاہر شاہ طورو
گورنر نے صحافیوں کے حقوق اور فلاح و بہبود پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ آزادی اظہار رائے کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی صحافیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
صدر ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد نے گورنر کو ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد اور صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔





