پاکستان نے جنگ میں نقصان پہنچایا، بھارتی فوج نے دوبارہ اعتراف کر لیا

نئی دہلی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے دوران پاکستان نے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔

بھارتی دفاعی اتاشی کیپٹن شیو کمار نے تسلیم کیا ہے کہ فضائی لڑائی کے ابتدائی مرحلے میں بھارتی فضائیہ کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی اتاشی نے اگرچہ تباہ ہونے والے طیاروں کی درست تعداد بتانے سے گریز کیا، تاہم ان کا کہنا تھاہم نے بہت سے طیارے کھوئے ہیں، اور فضائی جھڑپ کے آغاز میں ہی انڈین ایئر فورس کو نقصان برداشت کرنا پڑا۔

کیپٹن شیو کمار کے اس بیان کے بعد بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اور مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے سامنے سچ لایا جائے۔ کانگریس نے کہا کہ حکومت نے طیاروں کے نقصان کے حوالے سے معلومات چھپا کر قوم کو گمراہ کیا۔

یاد رہے کہ پاکستانی حکام پہلے ہی بھارت کے چھ جنگی طیاروں کو مار گرانے کا دعویٰ کر چکے ہیں، جن میں جدید رافیل طیارہ بھی شامل بتایا گیا تھا۔ اس وقت بھارتی حکام نے صرف کچھ طیاروں کے نقصان کی تصدیق کی تھی، تاہم تفصیلات سے مسلسل گریز کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، رافیل اصل ہدف تھا، پروین ساہنی کا انکشاف

بعد ازاں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ طیارے گرے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرے؟بھارتی فوج کی جانب سے تازہ اعتراف اس تنازع کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر کرتا ہے، جس پر اب تک کئی سوالات اٹھائے جا چکے ہیں۔

Scroll to Top