خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، عوامی مقامات پر تین یا زیادہ افراد کے اجتماع اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے ضلع میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ممکنہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں کل (منگل) صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو بھی نافذ رہے گا۔ اس دوران تمام داخلی و خارجی راستے اور مرکزی شاہراہیں بند رہیں گی، اور عام شہریوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکام کے مطابق کرفیو کا مقصد سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت اور لاجسٹک کی منتقلی کو محفوظ بنانا ہے، جو موجودہ حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔





