ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی چینل (ہم)کے مطابق آج رات پیٹرول 11 روپے اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے، جس کا باضابطہ اعلان رات 12 بجے تک متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) قیمتوں میں ردوبدل کی سمری آج وزارت پیٹرولیم کو ارسال کرے گی، جو بعد ازاں وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔ حتمی منظوری وزیراعظم کی مشاورت سے دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ممکنہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث متوقع ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق:
16 جون کو خام تیل 73.23 ڈالر فی بیرل تھا
17 جون کو قیمت بڑھ کر 76.45 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی
24 جون کو نرخوں میں کمی ہوئی اور فی بیرل قیمت 66 ڈالر تک آگئی
تاہم 27 جون کو ایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا
اسی عالمی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی توقع ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ اضافہ نافذ ہوا تو مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ ہے، جو عوام پر مزید بوجھ ڈال سکتی ہے، خاص طور پر ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔حکومت کی جانب سے قیمتوں کا باضابطہ اعلان آج رات متوقع ہے۔





