پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے موثر سیاسی بیانیہ تشکیل دینے میں ناکامی پر اپنی سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ایک اہم اور بند کمرہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سوشل میڈیا سے منسلک ٹیموں کو طلب کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے شکوہ کیا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف جاری پراپیگنڈا مہم کا مؤثر جواب نہیں دیا جا رہا، جب کہ ان کی ٹیم بھاری تنخواہیں لینے کے باوجود حکومتی موقف کو عام کرنے میں ناکام ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے استفسار کیا کہ آخر لاکھوں روپے تنخواہیں لینے کے باوجود حکومت کا بیانیہ عوام تک کیوں نہیں پہنچ رہا؟ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا موقف ہر گھر تک پہنچنا چاہیے، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور برن سنٹر میں نرسوں کی 60 فیصد کمی، سکیورٹی گارڈز نرسنگ فرائض پر مامور
علی امین گنڈاپور نے ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کے بیانیے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں اور جاری پراپیگنڈے کا مدلل اور فوری جواب دیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے بعض افسران کو اجلاس کے دوران تنبیہ بھی جاری کی۔