پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا بڑا فیصلہ کر لیا۔
اسکیم کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے پوزیشن ہولڈرز اور بی ایس پروگرام کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کی دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 36 ہزار 611 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے، جن پر مجموعی لاگت 12 ارب 41 کروڑ 60 لاکھ روپے آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق:
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کامرس ایجوکیشن اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے 750 طلبہ کے لیے 22 کروڑ 50 لاکھ روپے
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن کے 11 ہزار 19 طلبہ کے لیے 3 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ روپے
سرکاری جامعات کے 13 ہزار 835 طلبہ کے لیے 4 ارب 70 کروڑ 40 لاکھ روپے
جبکہ بی ایس پروگرام کے 11 ہزار 7 طلبہ کے لیے 3 ارب 74 کروڑ 20 لاکھ روپے درکار ہوں گے
ذرائع کے مطابق اس اسکیم کا مقصد ذہین اور محنتی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں مزید ترقی کر سکیں اور عالمی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔
یہ اسکیم نہ صرف طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرے گی بلکہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔





