دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والی معروف چیک کوہ پیما کلارا کولوخووا پاکستان کے پہاڑی سلسلے گلگت بلتستان میں نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران ایک المناک حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئیں۔
حادثہ بونر بیس کیمپ کے قریب پیش آیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیامر نظام الدین کے مطابق کلارا کولوخووا کیمپ ون اور کیمپ ٹو کے درمیان بلندی سے اس وقت گریں جب ان کے آکسیجن سلنڈر میں دھماکا ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ غیر ملکی خاتون کوہ پیما کھائی میں گرنے سے ہلاک ہوئیں، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ آکسیجن سلنڈر کا پھٹنا بتائی گئی ہے۔
کلارا کولوخووا کوہ پیمائی کی دنیا میں ایک نمایاں نام تھیں وہ نہ صرف ماؤنٹ ایوریسٹ بلکہ کے ٹو کو سر کرنے والی پہلی چیک خاتون تھیں۔
انہوں نے 15 جون کو پاکستان پہنچ کر نانگا پربت کی مہم کا آغاز کیا اور 17 جون کو بیس کیمپ پہنچی تھیں، ان کے ساتھ ان کے شوہر اور پانچ رکنی ٹیم موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان رواں ماہ پہلی مرتبہ انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ کھیلے گا
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کلارا کی موت کوہ پیمائی کی دنیا کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے، وہ ایک باہمت اور تجربہ کار کوہ پیما تھیں اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ تھیں۔”





