افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 30 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ہونے والی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 30 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اور 2 جولائی کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہوں کی مشتبہ نقل و حرکت کا سراغ لگایا جس کے بعد بروقت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران تمام 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگرد عناصر افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دراندازی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جنہیں بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ختم کر دیا گیا۔

ان عناصر کا تعلق ان گروہوں سے ہے جو بھارت کی سرپرستی میں پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ دھماکے میں ملوث عناصر کا سراغ لگا لیا گیا، سی ٹی ڈی رپورٹ سامنے آ گئی

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی خودمختاری کے تحفظ اور ہر قسم کی دراندازی یا دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

Scroll to Top