ہماری حکومت آئینی ہے، گرانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا حکومت گرانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت گرانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا کیونکہ یہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے قائم ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فارم 45 کی بنیاد پر ایک حقیقی عوامی نمائندہ حکومت قائم ہے، یہ کوئی فارم 47 کی طرح کی جعلی حکومت نہیں جسے آسانی سے گرایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں تمام ارکان اسمبلی متحد ہیں اور انہیں وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد حاصل ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہر ایم پی اے چیئرمین عمران خان کا سپاہی ہے اور وزیراعلیٰ کو بھی عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 برسوں سے عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کیا ہے، اور اب یہ جماعتیں سازشوں کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نوجوان نسل موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، گورنر خیبر پختونخوا

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے سوا باقی تمام پارٹیاں ختم ہوچکی ہیں، اور سازشیں کرنے والے محض خوش فہمی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چند نشستیں ملنے کے باوجود ان کی خواہشیں پوری نہیں ہوں گی۔

Scroll to Top