ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ حکومت کی موجودہ پوزیشن مضبوط ہے اور انہیں تحریک انصاف کی کسی بھی تحریک کی کامیابی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز) سے خصوصی گفتگو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ موجودہ شدید موسم تحریک انصاف کے لیے بڑا چیلنج بنے گا۔ ان کے مطابق، اس گرمی میں عوام کو احتجاج کے لیے باہر نکالنا پی ٹی آئی کے لیے آسان نہیں ہوگا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پارٹی اندرونی اختلافات اور تنظیمی بحران کا شکار ہے۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ ’’جب موسم بہتر تھا، تب بھی پی ٹی آئی کوئی موثر تحریک نہیں چلا سکی۔ اب حالات اور بھی مشکل ہیں۔ پارٹی کی قیادت کو خود اس کے سوشل میڈیا حلقے نے متنازع بنا دیا ہے۔‘‘
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’پہلے پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد تک پہنچ جایا کرتے تھے، لیکن اس بار انہیں اٹک کا پل عبور کرنا بھی مشکل لگتا ہے۔‘‘
شیر افضل مروت کے مطابق پی ٹی آئی نہ صرف عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے بلکہ اندرونی طور پر بھی تقسیم کا شکار ہے، جس کی وجہ سے کسی بھی بڑی تحریک کی کامیابی مشکوک ہے۔





