محرم الحرام کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند کر دی گئی۔ حساس علاقوں، خصوصاً صدر اور اس کے گرد و نواح میں واقع جلوس کے روٹس پر موبائل نیٹ ورک سروس معطل رہی۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق 8 محرم الحرام کو جمعہ کی نماز کے بعد موبائل فون سروس معطل کی گئی، جو 9 اور 10 محرم کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
قومی اخبار(جنگ ویب سائٹ)کے مطابق جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ڈرون کیمروں، سی سی ٹی وی، اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی تھی جبکہ جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا نظام بھی نافذ رہا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ اقدام حساس علاقوں میں سیکیورٹی کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اٹھایا گیا۔ موبائل سروس کی معطلی کا مقصد کسی بھی قسم کے ممکنہ ریموٹ کنٹرول دھماکے یا شرپسند عناصر کی روابط کاری کو روکنا تھا۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔





