پی ایس ایل 11 کا شیڈول فائنل، 8 ٹیمیں میدان میں، ایونٹ آئی پی ایل کے دوران ہوگا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا شیڈول فائنل کرلیا گیا ہے جس میں اس بار 8 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ اور فرنچائزز کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں آئندہ ایونٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
پی ایس ایل 11 ایک مرتبہ پھر آئی پی ایل کے دوران، یعنی اپریل اور مئی 2025 میں منعقد ہوگی، کیونکہ اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی اسی دوران ہوگا۔ اس کے علاوہ، ایونٹ کے وینیوز میں بھی توسیع کا امکان ہے تاکہ شائقین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ایڈیشن میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جس کے لیے دو نئی فرنچائزز کی شمولیت متوقع ہے۔ پی ایس ایل مینجمنٹ نے دو نئی ٹیموں کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد سے رابطے شروع کر دیے ہیں، اور بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی وجہ سے دسمبر اور جنوری کی ونڈو کو ختم کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں فرنچائزز نے پی ایس ایل 10 کے دوران پچز کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور پی ایس ایل مینجمنٹ سے درخواست کی کہ آئندہ کے لیے پچز کا معیار بہتر بنایا جائے۔ اس کے علاوہ، فرنچائزز کی ویلیویشن کے لیے جلد ہی ایک آڈٹ فرم مقرر کی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ روایتی طور پر فروری اور مارچ میں ہوتی ہے، مگر گزشتہ برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے یہ اپریل اور مئی میں منعقد ہوئی تھی۔ آئندہ برس فروری اور مارچ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول ہے، جبکہ نومبر میں پاکستان سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیل رہا ہوگا۔
یاد رہے کہ موجودہ وقت میں پاکستان سپر لیگ میں چھ ٹیمیں شامل ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔ نئی فرنچائزز کے بعد ٹیموں کی تعداد 8 ہو جائے گی، جس سے لیگ مزید دلچسپ اور مسابقتی ہو جائے گی۔

Scroll to Top