کوہ پیما نائلا کیانی کا ہیلی کاپٹر انخلا کے اخراجات میں کمی کا خیرمقدم، فوجی قیادت سے اظہار تشکر

کوہ پیما نائلہ کیانی کا ہیلی کاپٹر انخلا کے اخراجات میں کمی کا خیرمقدم، فوجی قیادت سے اظہار تشکر

پاکستان کی معروف خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے پہاڑی چوٹیوں سے ہنگامی انخلا کے لیے ہیلی کاپٹر سروسز کے اخراجات میں نمایاں کمی کو ایک خوش آئند اور دیرینہ مطالبے کی تکمیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ جانیں بچانے اور کوہ پیمائی کو مزید قابلِ رسائی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

نائلا کیانی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ آج ایک بار پھر میری آنکھوں میں آنسو ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ گزشتہ سال انہوں نے پہاڑوں میں ایمرجنسی کے دوران مہنگے ترین انخلا کے خلاف آواز بلند کی تھی جس پر بعض حلقوں نے انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دیا۔

نائلہ کیانی نے کہا کہ کے ٹو بیس کیمپ سے ایک کوہ پیما کے انخلا پر پہلے تقریباً 26 ہزار امریکی ڈالر خرچ ہوتے تھے جو دنیا میں بلند ترین اخراجات میں شمار ہوتا تھا تاہم ان کی مسلسل کوششوں کے بعد اب یہ لاگت کم ہو کر 9,900 ڈالر سے بھی نیچے آ گئی ہے۔

اس کمی کا سبب یہ ہے کہ پہلے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بلتورو ریجن میں دو ہیلی کاپٹر بھیجے جاتے تھے لیکن اب صرف ایک ہیلی کاپٹر روانہ کیا جائے گا جس سے اخراجات میں خاطر خواہ کمی ممکن ہوئی ہے۔

نائلہ کیانی نے پاک فوج، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، کمانڈر ایف سی این اے جنرل حسن اظہر، جنرل عرفان ارشد، ڈاکٹر انیس الرحمٰن، پاکستان الپائن کلب کے صدر اور گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

کوہ پیما نے کہا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب ایماندار لوگ نیک نیتی سے کام کریں تو حقیقی تبدیلی ممکن ہوتی ہے، جنرل عرفان ارشد کو انہوں نے خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے نئے عہدے پر فائز ہونے کے بعد پس پردہ انتھک محنت کی۔

یہ بھی پڑھیں:نانگا پربت مہم کے دوران غیر ملکی کوہ پیما کلارا کولوخووا جان کی بازی ہار گئیں

کوہ پیما نائلہ کیانی نے مزید کہا کہ آواز بلند کرنا ضروری ہے اکثر لوگ خوف کے باعث خاموش رہتے ہیں امید کرتی ہوں کہ لوگ مظلوموں کے لیے آواز اٹھانے کی ہمت کریں گے یہ ایک ایسی میراث ہے جسے آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top