رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اپوزیشن خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہیں لا سکتی۔
شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں نظریے کی بنیاد پر جدوجہد کی گئی جسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کو اصل حقائق سے آگاہ نہیں کیا جا رہا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی کے اندر سب اچھا ہے کی رپورٹ دی جاتی ہے جبکہ زمینی حقائق کچھ اور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریکیں صرف دعووں سے نہیں چلتیں اس کے لیے عوامی رابطے، اعتماد اور لیڈرشپ کی عملی موجودگی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو یقین ہونا چاہیے کہ لیڈر خود بھی میدان میں آئے گا صرف تقاریر اور دعوؤں سے تبدیلی نہیں آتی۔
بانی تحریک انصاف سے متعلق بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ 26 نومبر کو گولیاں چلائی گئیں مگر آج تک خوف کے خاتمے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر کچھ لوگ اپنے رویے پر معذرت کریں تو وہ ساتھ دینے کو تیار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والی بدکلامی سے تنگ آ چکے ہیں اور پارٹی میں عزت اب ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت آئینی طریقے سے ہٹائی گئی، بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ مجرم ہیں، احسن اقبال
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے بہت کم لوگ ساتھ دیتے ہیں اور یہی وقت ہوتا ہے جب قیادت کو ورکرز کا اعتماد بحال کرنا چاہیے، ہم نظریے کے لیے نکلے تھے مگر آج اس نظریے کا کوئی پرسان حال نہیں۔





