سوات میں سیاحت غم میں بدل گئی، ملتان کے سیاح حادثے کا شکار، ایک جاں بحق، 4 زخمی

خیبرپختونخوا کے حسین سیاحتی مقام گبین جبہ میں ایک افسوسناک حادثے نے سیاحت کی خوشیاں غم میں بدل دیں، جب سیاحوں سے بھرا ہوا ایک رکشہ گہری کھائی میں جاگرا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام متاثرین کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سے بتایا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ دلخراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیاح گبین جبہ سے مٹہ کی طرف واپس جا رہے تھے۔ دورانِ سفر رکشے کے بریک فیل ہو گئے، جس کے باعث وہ قابو سے باہر ہو کر ایک خطرناک موڑ پر کھائی میں جا گرا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں
زبیر (25 سال)
نعمان (30 سال)
مانے (28 سال)
اسلام (32 سال) شامل ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مٹہ منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

ریسکیو حکام نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ایسی گاڑیوں کا انتخاب کریں جو دشوار گزار راستوں کے لیے موزوں اور محفوظ ہوں۔

واضح رہے کہ ان دنوں سوات کے مختلف سیاحتی مقامات، خصوصاً گبین جبہ، سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ تاہم، اس حادثے نے حفاظتی انتظامات کی شدید کمی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top