پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک سے متعلق فیصلوں کا اعلان آج متوقع

پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک سے متعلق فیصلوں کا اعلان آج متوقع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے احتجاجی تحریک سے متعلق فیصلے کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا باقاعدہ اعلان آج متوقع ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلے لاہور میں منعقدہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کیے گئے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مشترکہ طور پر کی۔ یہ اہم اجلاس رائیونڈ روڈ پر مرزا محمد خان آفریدی کے فارم ہاؤس میں ہوا، جہاں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت گزشتہ چند روز سے موجود ہے۔

پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو 5 اگست 2025 کو اپنی بلندی پر پہنچے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک کا مقصد نہ صرف عمران خان کی رہائی کا مطالبہ ہے بلکہ ملک میں جمہوری اقدار کی بحالی بھی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے، قاسم اور سلیمان، احتجاجی تحریک میں شرکت کرتے ہیں یا قیادت سنبھالتے ہیں تو یہ ان کا جمہوری و قانونی حق ہے۔ ان کے بقول، پارٹی کی تمام قیادت تحریک میں مکمل طور پر متحرک ہے اور مختلف شہروں میں رابطہ عوام مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت ان دنوں لاہور میں موجود ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی لاہور پہنچے تھے، جہاں انہوں نے متعدد رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور تحریک کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی۔

Scroll to Top