خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی لاہور روانگی اور وہاں جاری سیاسی سرگرمیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب صوبہ بدامنی، دہشتگردی اور عوامی مشکلات سے دوچار ہے، ایسے وقت میں وزیراعلیٰ کا لاہور جا کر سیاسی شو کرنا عوامی احساسات کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔
نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق ڈاکٹر عباد اللہ نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ کے لاہور دورے کے لیے سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے خرچ کیے گئے، جو عوامی پیسوں کا غلط استعمال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ایک سیاسی اعلان کے لیے عوامی وسائل کا استعمال نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ غیر آئینی بھی ہے۔‘‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کس قانون کے تحت روانہ کیا گیا اور کیا موجودہ حکومت عوامی فلاح کی بجائے صرف سیاسی نمائش پر یقین رکھتی ہے؟
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام جان و مال کے تحفظ سے محروم ہیں، روزانہ دہشتگردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں اور لوگ عدم تحفظ کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مگر وزیراعلیٰ کا سیاسی مصروفیات کو ترجیح دینا بدقسمتی ہے۔
ڈاکٹر عباد اللہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ترجیحات کا ازسر نو تعین کرے اور عوام کو بدامنی، مہنگائی اور بے یقینی کی کیفیت سے نکالنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے۔





