خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم بدلنے لگا، گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان

ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان

اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

گزشتہ روز مری، میانوالی، اٹک، جھنگ، جنوبی وزیرستان اور سوات میں بارش ہوئی، جس سے مقامی باشندوں کو کافی ریلیف ملا۔

تاہم مالاکنڈ میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو بہنوں کی جان چلی گئی جبکہ کوہاٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

خیبر کی تحصیل جمرود میں سیلاب کی شدت کے باعث دو بچیاں بہہ گئیں، جن میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ دوسری کی تلاش جاری ہے۔ علاقائی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بارش اور سیلاب سے پیدا ہونے والے خطرات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top