خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر نئی تعمیرات روکنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر نئی تعمیرات روکنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام مشہور سیاحتی مقامات پر نئی تعمیرات پر عارضی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام ان علاقوں کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ صوبے کے سیاحتی علاقوں میں جاری تمام تعمیراتی کاموں کے این او سیز منسوخ کر دیے گئے ہیں، اور نئی تعمیرات پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کے مطابق چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ فیصلہ ماحولیاتی تحفظ، بے ہنگم تجاوزات اور ناقص نکاسی آب جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاغان، ناران اور دیگر معروف سیاحتی مقامات کو ماحولیاتی آلودگی اور غیرمنظم ترقی سے بچانا انتہائی ضروری ہے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ صرف ماسٹر پلان کے تحت ہی کسی بھی قسم کی ترقیاتی یا تعمیراتی سرگرمی کا آغاز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقامات پر مستقبل کی ترقی کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی علاقوں میں موجود تجاوزات اور ناقص ڈرینج نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، تاکہ ان مسائل کا دیرپا حل نکالا جا سکے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top