پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے مخصوص نشستوں سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست اعتراض کے ساتھ واپس کر دی ہے۔
رجسٹرار ہائیکورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پشاور ہائیکورٹ کے 25 مارچ 2024 کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے، جس کے باعث ہائیکورٹ کا فیصلہ اب سپریم کورٹ کے فیصلے میں ضم ہو چکا ہے۔ اس تناظر میں، رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی نئی درخواست اب قابلِ سماعت نہیں رہی۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز )کیمطابق تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ کا 25 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور پی ٹی آئی کو کیس میں فریق بنایا جائے۔
تاہم رجسٹرار آفس نے آئینی و قانونی نکات کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست واپس کر دی ہے، جس سے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک اور قانونی دھچکا لگا ہے۔





