اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے درمیان جاری بیان بازی پر سخت غصہ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے منگل کو عمران خان سے ملاقات کے بعد بتایا کہ انہوں نے تمام رہنماؤں کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرنے سے روک دیا ہے اور احتجاجی تحریک کے لیے مکمل اتحاد کا پیغام دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کی سخت ہدایت ہے کہ پارٹی کے تمام رہنما ایک دوسرے کے خلاف بیانات اور سوشل میڈیا مہم چلانے سے باز رہیں تاکہ تحریک کو کامیاب بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ اور دیگر ذمہ داران کو بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مزید برآں بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی احتجاجی تحریک چلانے پر کنفیوژن کا شکار، متضاد بیانات نے معاملہ الجھا دیا
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹی وی، اخبار، کتابیں اور یہاں تک کہ کپڑے بھی فراہم نہیں کیے جا رہے، جس سے ان کی زندگی بہت مشکل ہو گئی ہے۔
یہ واضح ہے کہ عمران خان پارٹی کو داخلی اختلافات سے بچاتے ہوئے احتجاجی تحریک کو مضبوط اور متحد انداز میں آگے بڑھانے پر زور دے رہے ہیں۔





