خیبرپختونخوا میں طالبات کی تعلیم کو اولین ترجیح، 387 کمیونٹی اسکولز قائم

پشاور :حکومت خیبرپختونخوا اور محکمہ تعلیم نے بچیوں کی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے۔ اس عزم کے تحت صوبے بھر میں 387 کمیونٹی اسکولز قائم کیے گئے ہیں جہاں معیاری اور جامع تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔

ان اسکولوں میں 26,000 سے زائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں، جن میں اکثریت بچیوں کی ہے۔ یہ اسکول خاص طور پر غیر رسمی اور لچکدار تعلیمی نظام کے ذریعے کمیونٹی کے اندر اعتماد پیدا کر رہے ہیں اور بچیوں کے روشن مستقبل کی ضمانت بن رہے ہیں۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ نچلی سطح پر اٹھایا گیا قدم صوبے میں تعلیم کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

کمیونٹی اسکول نہ صرف تعلیم کی فراہمی کو آسان بنا رہے ہیں بلکہ والدین اور مقامی افراد کے اعتماد کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

یہ اسکول خاص طور پر ان علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں جہاں بچیوں کی تعلیم کو محدود سمجھا جاتا تھا، اور اب یہ اقدام صوبے کی سماجی و تعلیمی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔

حکومت خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ صوبے کی ہر بچی کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، اور کمیونٹی اسکولز کے ذریعے ہم اس مقصد کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں۔

Scroll to Top