وانا (نورعلی)جنوبی وزیرستان اپر میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 19 جولائی بروز ہفتہ کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا ہے کہ اس دوران ضلع کی حدود میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگیاور تمام تجارتی مراکز، بازار اور مارکیٹس بند رہیں گے۔
کرفیو کے دوران مختلف علاقوں اور سڑکوں پر عوامی آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی۔ جن راستوں پر خاص طور پر داخلے پر سختی سے ممانعت ہوگی ان میں تاؤدہ چینہ سے لے کر نظر خیل، عزیز آباد چوک سے چگملائی، اور سرویکئ سے بروند تک کے راستے شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کرفیو کے دوران صرف ہنگامی صورت حال میں ہی ان سڑکوں پر سفر کیا جا سکتا ہےاور اس کے لیے بھی سیکیورٹی فورسز سے باقاعدہ اجازت، شناختی دستاویزات کی فراہمی اور تصدیق کے بعد ہی گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔
شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگر دورانِ سفر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سامنے آئے تو وہ اپنی گاڑی کو کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر سڑک سے نیچے اتار لیں، تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ، امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام امن جرگے کا انعقاد
ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے جنوبی وزیرستان اپر کی طرف سفر کرنے والے شہریوں سے خاص طور پر گزارش کی گئی ہے کہ وہ 19 جولائی کو سفر سے گریز کریں تاکہ کرفیو کے دوران پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے۔





