پاکستان نے رافیل سمیت بھارت کے پانچ طیارے مارگرائے تھے ، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک ممکنہ جنگ کو روک دیا، جو بقول اُن کے ایک سنگین جوہری تصادم میں تبدیل ہو سکتی تھی۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی جھڑپیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا میرے خیال میں تقریباً پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے، دونوں ممالک ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہے تھے۔ یہ ایک نئی جنگ کی شکل اختیار کر رہی تھی، لیکن ہم نے مداخلت کی اور معاملہ سنبھالا۔

ٹرمپ کے مطابق ان کی حکومت نے کشیدگی کم کرانے کے لیے معاشی دباؤ اور تجارتی پالیسیوں کو استعمال کیا۔ ہم نے کہا کہ جب تک تم ہتھیار پھینکنے، شاید جوہری ہتھیار بھی، بند نہیں کرتے، تب تک کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوگا۔

اپنے بیان میں انہوں نے برکس (BRICS) ممالک کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ کچھ ممالک امریکی ڈالر کے غلبے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ان کی انتظامیہ نے بروقت اقدامات سے ڈالر کو مستحکم رکھا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے وال اسٹریٹ جرنل اور اس کے مالک مرڈوک پر 10 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا

انہوں نے کہا اگر ہم دنیا کی ریزرو کرنسی کے طور پر ڈالر کی حیثیت کھو بیٹھے، تو یہ گویا ایک عالمی جنگ ہارنے کے مترادف ہوگا۔

ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں نے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دور رکھا، اور حالیہ عالمی حالات کے تناظر میں امریکہ کی قیادت کو فیصلہ کن قرار دیا۔

Scroll to Top