جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ ہمسایہ ممالک خوشحال ہیں اور پاکستان معاشی طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔
راولپنڈی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی حالات دن بہ دن خراب ہو رہے ہیں، اور غریب عوام بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمسایہ ممالک میں ترقی ہو رہی ہے، لیکن ہم مسلسل زوال کی طرف جا رہے ہیں۔‘‘
نجی ٹی وی چینل (دنیانیوز)کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں جاگیردارانہ نظام اب بھی طاقتور ہے، جس کی گرفت کو توڑنے کے لیے جے یو آئی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ’’ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں اور اسے ایک مکمل اسلامی جمہوری ریاست بنانے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ یہ وطن اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا، اس کی نظریاتی بنیادوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک مخصوص لابی ملک میں مذہبی اقدار کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کا مقابلہ ہر محاذ پر کیا جائے گا۔
سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ ’’ہم نے ختم نبوت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائی، حتیٰ کہ سپریم کورٹ کو بھی اپنا مؤقف تبدیل کرنا پڑا۔ آج دنیا بھر میں مذہب کی توہین ہو رہی ہے، عالمی ضمیر کو اب جاگنا ہوگا۔‘‘
انہوں نے فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے جماعت مزید مضبوط ہو گی اور دین اسلام کے فروغ کے مشن کو تقویت ملے گی۔





