وفاقی بجٹ 2025-26 میں نافذ کیے گئے نئے ٹیکسوں اور نیو انرجی وہیکل لیوی کے اثرات موٹر سائیکل مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔
یاماہا اور یونیک موٹر سائیکل کمپنیوں نے اپنی قیمتوں میں باضابطہ اضافہ کر دیا ہے جو یکم جولائی اور 18 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔
یاماہا موٹر پاکستان نے اپنے تمام ماڈلز کی قیمتیں نئی ٹیکس پالیسی کے مطابق دوبارہ ترتیب دی ہیں۔
کمپنی کے مشہور ماڈل YB125Z (ریڈ/بلیک) کی قیمت اب 4 لاکھ 29 ہزار روپے ہو چکی ہے، جس میں 65 ہزار 441 روپے سیلز ٹیکس اور 4 ہزار 57 روپے نیو انرجی لیوی شامل ہیں۔YB125Z DX (ریڈ/بلیک/گرے) اب 4 لاکھ 59 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہے، جب کہ YBR125 (ریڈ/گرے/بلیک) کی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 71 ہزار 500 روپے تک جا پہنچی ہے۔
یاماہا کا آف روڈ اسٹائل YBR125G (بلیک) 4 لاکھ 90 ہزار 500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ میٹ فنش ماڈل کی قیمت 4 لاکھ 93 ہزار 500 روپے تک پہنچ چکی ہےجو کمپنی کا سب سے مہنگا ماڈل بن گیا ہے۔
دوسری جانب یونیک موٹر سائیکل کمپنی نے بھی قیمتوں میں 3 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا ہے جو 18 جولائی سے نافذ العمل ہے۔
یونیک کا UD-70cc ماڈل اب 1 لاکھ 21 ہزار 500 روپے کا ہو گیا ہے۔ Extreme Plus، Special Edition اور الائے رِمز والے ماڈلز کی قیمتیں بالترتیب 1 لاکھ 25 ہزار، 1 لاکھ 28 ہزار 500 روپے اور 1 لاکھ 35 ہزار روپے ہو چکی ہیں، جب کہ Self-Start ماڈل کی قیمت 1 لاکھ 47 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔