مختلف شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ، سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

مختلف شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ، سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جس پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا کے علاقوں میں دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی و صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ متاثرہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے، احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے فوری احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔

Scroll to Top